دین
دین کیا ہے
قال رسول الله ﷺاِنَّ الدِّیْنَ یُسْرٌ، فَسَدِّدُوْا، وَقَارِبُوْا،وَاَبْشِرُوا، وَاسْتَعِیْنُوا بِالغدْوۃِ وَالرَّوحۃ"(راوی ابوهریره رضی اللہ تعالی ٰ عنہ صحاح و جامع)
حبیب پاک ﷺنے فرمایابے شک دین آسان ہے ، پس ایک دوسرےکو دین میں شدَّت پیدا کرنے سے روکو،ایک دوسرے سے مربوط اور وابستہ رہو،ایک دوسرے کو بشارت دو، اور ایک دوسرے کی استعانت کرو شریعت و طریقت میں ۔
اس حدیث پاک میں دین اور دین داری کا پورا منہاج بتایا گیا ہے۔اشاعت و ابلاغ کا معتدل اور متوازن طریقہ ارشاد فرمایا گیا ہے ۔ مبالغہ، مغالطہ،بے جا شدّت، غُلُوّاور افراط و تفریط سےروکا گیا ہے۔
باہمی ربط، اتحاد و یگانگت ،جڑت اور اخوت و وابستگی کے تلقین کی گئی ہے۔ایک دوسرے کو بشارت سنانا، امیدکی شمع روشن رکھنا، یقین کی فضاپیدا کرنا اور
ایک دوسرے کے لئےباعث مسرت و اطمینان بننے کی تاکید فرمائی گئی ہے۔
شریعت اور طریقت دونوں شعبہ ہائےدین پر ایک دوسرے کو استعانت فراہم کرنے کی ترغیب دی گئی ہے۔شریعت دین کا عموم ہے اور طریقت دین کا خصوص ہے۔
قال رسول الله صلى الله عليه و سلم”الدین النصیحة، للہ ولرسولہ ولکتاب اللہ ولأئمة المسلمین وعامتھم“․(الحدیث)
( راوی تمیم الداریرضی اللہ تعالیٰ عنہ، ابوہریرۃوابن عباس رضی اللہ عنہما ،صحاح وسنن و جوامع )
حبیب پاک ﷺنے فرمایا : بے شک دین خیرخواہی ہے۔ اللہ کے لیے، اس کے رسولؐ کے ساتھ، اس کی کتاب کے ساتھ، مسلمانوں کے راہنماؤں کےساتھ اور عام مسلمانوں کے ساتھ۔
الله کی خیر خواہی کا مطلب یہ ہے کہ وه ہی ہمارا خالق ،مالک، معبودِ برحق اور رزّاق ہے ۔ ہم اس کی منشا کی پابندی کریں گے ۔ہمیں اس کی منشا اس کی کتاب اور سیرت رسولﷺمیں صحت کے سا تھ معلوم ہوتی ہے۔رسول اللهﷺکے ساتھ خیرخواہی سے مراد یہ ہے کہ آپﷺ سے انتہائی محبت کی جائے اور آپؐ کی اطاعت کی جائے۔
کتاب سے خیرخواہی کا تقاضا یہ ہے کہ کتاب میں تدبر کرکے اس کا فہم حاصل کیاجائے ۔ اس کو راہنما مانا جائے اور اس میں منزَل احکام یعنی اوامر ونواہی کی پابندی کی جائے ۔
آئمۃُ المسلمین کی خیرخواہی یہ ہےکہ معروف میں ان کی بات مانی جاۓمنظم حیات اسلامی کے لئے یہ چیز ضروری ہے. مطلق آئمة المسلمين اہل بیت اطہار ہیں اور منتسب أئمۃالمسلمين صحاب اکرام رضی اللہ تعالیٰ عنہم اور دیگر ابرارو اخیار امت بھی ہیں۔
عامۃ المسلمین کی خیرخواہی سے مراد یہ ہے کہ ان کے حقوق کا خیال رکھا جائے ۔
ان سے اخوت رکھی جائے، حسنِ اخلاق اور حسن معاملہ روا رکھا جائے۔
علامہ زید گل خٹک صاحب
مشیر روح فورم و آبروئے ملت