Print this page

سورۃ الکوثر

30 December 2021
(0 votes)
Author :  

سورۃ الکوثر


حروف و الفاظ و آیاتِ مبارکہ کے اعتبار سے یہ قرآنِ مجید فرقانِ حمید کی سب سے مختصر اور مُجَمَّل سورہ ہے۔ کتاب اللہ کی تفہیم میں ایک تسلسل اور تاَمّل ملحوظِ خاطر رکھنا ضروری ہے۔ قرآنِ مجید کی تفسیر اوّلًا قرآن کے اندر تلاش کرنا ہمیشہ پیشِ نظر رہنا چاہیے۔ یہ تفسیری کلیہ بابُ العلم سیّدنا علی کرّم اللہ وجہہ الکریم نے بتایا ہے۔ اس کے بعد تبیان یعنی فرموداتِ مہبطِ وحی رسول اللہﷺ میں قرآنِ عظیم کی تفسیر تلاش کرنا چونکہ قرآن کے تبیان کا حق صرف رسول اللہﷺ کو حاصل ہے۔ دیگر کا فرض و حق اتِّباعِ رسولﷺ ہے خواہ وہ صحابہ رضوان اللہ علیہم ہی کیوں نہ ہوں۔ تب آثارِ اہل البیت علیہم السلام میں قرآن کی تفسیر سے بہرہ حاصل کرنا بے حد ضروری ہے چونکہ وہ ہی اہل القرآن ہیں اور اُن سے تمسّک کا حکم رسول اللہﷺ نے اہتمام کے ساتھ دیا ہے۔ اعتصام بالکتاب کے لیے تمسّک بالعترۃ لازمی ہے۔ بعد ازاں اقارِبِ رسولﷺ، امّہاتُ المؤمنین علیہم السلام، صحابۂ اکرام رضوان اللہ علیہم اور اخیار و ابرارِاُمّت علیہم الرّحمۃ کے تفسیری افادات سے استفادہ کرنا امّت کےلیے باعثِ رحمت ہے اور تسلسل و تامّل کو انضباط و استحکام فراہم کرتا ہے۔ اس طرح تفرّق کی صورت پیدا نہیں ہوتی اور اتّحادِفکر کو فروغ ملتا ہے، اتّحادِفکر اتّحادِاُمّت کا وسیلہ ہے۔ بایں ہمہ تدبّرِ قرآن اللہ کا حکم بھی ہے، رسول اللہﷺ کی ترغیب بھی ہے اور قرآن کا حق بھی!
اس سورۂ مبارکہ کا پسِ منظر ظاہراً یہ ہے(جس کو تفسیری زبان میں شانِ نزول کہتے ہیں) کہ ایک معاند و حاسد و مخاصمِ اسلام عاص بن وائل نے رسول اللہﷺ کو ابتر کہا، غیرتِ خداوندی کو جلال آگیا اور فرمایا: ہم نے آپﷺ کو الکوثر عطا فرمائی۔ یقینًا الکوثر سے خیرِکثیر، حوضِ کوثر اور حکمت و علم بھی مراد ہیں لیکن اصلًا اس کا مطلب الکوثر الفاطمہ ہے۔ جن کی اپنی اور ان کی عترت کی سیرت نفسِ رسولﷺ کی تجلّی، تطہیر کی آماجگاہ، مودت کا مرکز و محور اور تمسّک کا تقاضا ہے۔ جن کی عترت نے ہر دور میں دینِ متین کی سرپرستی کرکے اعلائے کلمۃ الحق کا عظیم الشّان فریضہ سر انجام دے کر

شجرِاسلام کی آبیاری کی اور امّت کو قابلِ تقلید نقوشِ سیرت مہیّا کیے۔
نقشِ الّا اللہ بر صحرا نویس
سطرِ عنوانِ نجاتِ ما نویس
اس کے نتیجے میں قیامِ الصّلوٰۃ یعنی نفوذِ دینِ متین اور عظیم ایثار کا رجحان پیدا ہوا اور ہوتا رہے گا۔
اور جب قدارِ اسوۂ حسنہ کے احیاء کے لیے یہ قیام و ایثار جاری رہے گا تو مسلمان نہیں، اسلام کے معاند ابتر ہوں گے اور دہر میں اسمِ محمّدﷺ سے اجالا ہوگا۔
علامہ زید گل خٹک صاحب
مشیر روح فورم وآبروئے ملّت
فرہنگ
الفاظ معانی
مُجَمَّل مختصر
تاَمّل غور و فکر، سوچ بچار
تبیان بہت زیادہ وضاحت، بیان
فرمودات ارشادات
بہرہ فائدہ، نفع
تمسّک مضبوطی سے پکڑنا، اختیار کرنا
اعتصام بالکتاب دیکھیں "تمسّک" کا معنی
معاند دشمن، مخالفت کرنے والا
مخاصم مخالف، دُشمن
ابتر مُنتشر، پراگندہ، تباہ و برباد
مودت سرور، محبّت، اخلاص
شجرِاسلام اسلام کا درخت

2682 Views
Tag :

Latest article from  Super User

Login to post comments
We use cookies to improve our website. By continuing to use this website, you are giving consent to cookies being used. More details…